بھٹکل:5/جنوری (ایس او نیوز)8نومبر کو نوٹ بندی کے بعد سے جو اہم واقعات ہورہے ہیں ، اس میں انکم ٹیکش افسران کی طرف سے کچھ شخصیات، مکانات، دفاتر اور بعض مشتبہ بینکوں پر چھاپہ ماری جاری ہے، اسی طرح ضلع شمالی کینرا کے بعض مقامات پر انکم ٹیکس افسران نے چھاپہ ماری کی ہے، اتفاق سے ضلع کی ایک اہم ترین بینک بھٹکل اربن بینک کو لپیٹ میں لیا گیا ہے۔
4جنوری کو تحقیقاتی افسر سبھاش ، ششانک بالیگا کے ساتھ جملہ 10افسران پر مشتمل انکم ٹیکس کی ٹیم اچانک بینک پہنچ کر لین دین کے دستاویزات کا معائنہ کیا۔ قریب 1بجے بینک میں داخل ہوتے ہی ٹیم نے بینک کا دروازہ بند کرکے وہاں موجود بینک اسٹاف کے موبائیل وغیرہ اپنے قبضے میں لے کر ناکہ بندی کردی۔ بینک کے اندرموجود گاہکوں سے پوچھ تاچھ کے بعد انہیں بھیج دیا گیا ۔ جانچ کے دوران ٹیم نے میڈیا کو کسی بھی قسم کی معلومات دینے سے انکارکیا۔8نومبر کے بعد ہونے والے لین دین کی تفصیلات کا جائز ہ لیتے ہوئے شک کے دائرے میں آنے والے اکاؤنٹ ہولڈرس کو نوٹس دے کر بینک میں طلب کرکے ان سے بیان لیا گیا ۔ پتہ چلا ہے کہ اس صورت حال سے ان لوگوں کے پسینے چھوٹنے لگے ہیں جنہوں نے دوستوں کے لئے یا اپنے مالکوں کے لئے تعاون کے طورپر اپنے اکاؤنٹس میں بڑی بڑی رقومات جمع کروائی تھیں، دیر رات تک معائنہ کرنے کے بعد ایک افسرنے بتایا کہ دن بھر کی جانچ پڑتال کے بعد بھی ابھی تک کوئی سنگین معاملہ سامنے نہیں آیاہے، بینک میں بدھ کی دوپہر 1بجےسے شروع ہوئی بینک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال جمعرات کی دوپہر 2بجے جاری رہی۔ افسران نے بینک کے تقریباً تمام بینک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کی، چند ایک ڈپازٹ کردہ گاہکوں پر شبہ ہوا تو انہیں نوٹس دے کر بینک بلا بھیج کر پوچھ تاچھ کی۔افسران خاص کر 49ہزار اور 2.5لاکھ روپئے بطور ضمانت بینک میں جمع کرنے والے گاہکوں پر نظر جمائے رکھنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، مگر متعلقہ گاہکوں نے ضمانت کے متعلق دستاویزات سونپ کر پیش کردہ وضاحت کو درج کرلیا ۔
انکم ٹیکس افسران کی اچانک بینک دستاویزات کی شروع ہونے کو لے کر اربن بینک کے افسران کسی پریشانی میں نظر نہیں آئے، کیونکہ اربن بینک کے تعلق سے یہ بات مشہور ہے کہ وہ بالکل شروع سے ہی ریزرو بینک آف انڈیا (آربی آئی )کو شفافیت کے ساتھ اپنا حساب کتاب دیتے رہے ہیں جس کی وجہ سے آج انہیں کوئی خوف وڈر محسوس ہی نہیں ہوا۔ لین دین کےمعاملات کو لے کربینک افسران کو کوئی نوٹس دئیے بغیر انکم ٹیکس افسران لوٹ گئے۔ آئی ٹی افسر سبھاش پوری ٹیم کی قیادت کررہے تھے۔ اس موقع پر ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے انکم ٹیکس افسران نے کہاکہ ہم نے ابھی تک جو جانچ پڑتال کی ہے اس میں کوئی گڑبڑ نظر نہیں آئی ہے، تمام جانکاری کو حاصل کئے ہیں اس کی جانچ جاری رہنے کی بات کہی۔
ابتداء سے گردش کرتی افواہوں کا اختتام
8نومبر کو جیسے ہی نوٹوں کو کالعدم قرار دیا گیا اس کے پہلے ہفتہ سے ہی اربن بینک کولے کر کئی افواہیں گردش میں تھیں، اب ہوا، تب ہوا، انکم ٹیکس افسران نے چھاپہ مارا، اتنے لوگ ملے ، ایسا ہوا، ویسا ہوا، بے تکی باتوں اور افواہوں کا لامتناہی سلسلہ ڈسمبر کے آخر تک جاری رہا۔ اس کے علاوہ کچھ مفاد پرستوں نے بینک کے متعلق بے تکےالزامات کو ہوا میں اڑاتے رہے ۔ آخر کا ر مصدقہ طورپر انکم ٹیکس افسران کی طرف سے بینک دستاویزات کی جانچ پڑتال ہونے سے خود بینک کے افسران کافی مطمئن نظر آرہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس افسران کا جانچ کرنا ہمارے حق میں بہتر ہی ہوا۔ جس کے نتیجے میں ہمارے گاہکوں اور عوام کو سچائی کا پتہ چلنے کی بات کہی ہے۔ اسی طرح بینک کے افسران کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس افسران کی جانچ پڑتال ختم ہوگئی ہے ، انہوں نے ہمیں کوئی بھی نوٹس نہیں دیا ہے ، اور نہ ہی ضمانت داروں کے متعلق کوئی اطلاع دی ہے۔